• news

ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف اغوا کا مقدمہ، فیصلہ محفوظ، سماعت 13فروری تک ملتوی

اسلام آباد (آن لائن) جوڈیشل مجسٹریٹ  اسلام نوید  خان نے ممبئی  حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج  انور خان اغوا کے مقدمے میں  249اے  کی درخواست پر فیصلہ محفوظ  کرتے ہوئے سماعت  13 فروری تک ملتوی کردی۔ منگل کے روز ممبئی  حملہ کیس کے مرکزی ملزم  ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف افغانستان کے شہری  انور خان اغوا کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے  وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف  انور خان کے اغواء کا مقدمہ  غیرقانونی  طور پر  بنایاگیا، ملزم کیخلاف  کوئی ٹھوس شواہد  بھی موجود نہیں ہیں۔ عدالت  سے استدعا  ہے میرے موکل کیخلاف  اغواء کے مقدمے کو خارج  کرنے کا حکم دے  جب کہ پبلک  پراسیکیوٹر  ندیم احمد تابش  نے بتایا کہ ملزم کیخلاف  نامکمل چالان  پیش کیا گیا  اور  چارج شیٹ  بھی نہیں لگائی۔ عدالت  مزید مہلت دے  اور مقدمے  کو خارج نہ کرے اور عدالت نے  دونوں فریقین  کا موقف سننے کے بعد سماعت  13 فروری تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن