کالعدم تنظیموں کے زیر اثر چلنے والے مدارس کی سکریننگ شروع
لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) سکیورٹی اداروں نے ملک بھر میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر کالعدم تنظیموں کے زیر تحت چلنے والے مدارس کی نشاندہی کیلئے معلومات اکٹھا کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ کالعدم تنظیموں سے منسلک ان مدرسوں کی بھی سکریننگ کی جائے گی جو نئے ناموں سے کام کررہے ہیں جسے بالواسطہ طور پر کوئی کالعدم تنظیم چلا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ مدارس کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی مزید نگرانی کی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد قابل عمل خفیہ ایکشن کی تیاری میں کسی پریشانی کا سامنا کرنے سے بچنا ہے۔ ایجنسی نے اس حوالے سے ان مدارس کی بھی فہرست تیار کی ہے جو بند ہوچکے ہیں یا نئے نام سے کام کررہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا مشرف کے دور میں16 درجن مدارس کی نشاندہی کی گئی جو کالعدم تنظیموں کے زیراثر چل رہے تھے مگر مشرف کی حکومت کے خاتمے کی وجہ سے اس حوالے سے کوئی ایکشن نہیں لیا جاسکا۔ واضح رہے کچھ عرصہ قبل وزیر مملکت داخلہ بلیغ الرحمن نے سینٹ کو بتایا تھا کہ پنجاب کو نکال کر 3 صوبوں میں 23 مدارس دیگر ممالک کی فنڈنگ سے چل رہے ہیں۔