چین کے وزیر خارجہ آج دو روزہ دورے پر پاکستان آئینگے، مجوزہ دورہ سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا: چینی محقق
اسلام آباد (آن لائن) چین کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر آج (جمعرات کو) پاکستان آئیں گے۔ چین کے وزیر خارجہ وینگ ژی دو روزہ دورے پر آج آٹھ رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ جامع سڑیٹجک شراکت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ اس دورے میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ وینگ ژی صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ مزید برآں آئی این پی کے مطابق چائنا انسٹیٹیوٹ برائے انٹرنیشنل سٹڈیز نے کہا ہے کہ چین کے وزیر خارجہ کا مجوزہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ امور اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ چائنا انسٹیٹیوٹ برائے انٹرنیشنل سٹڈیز کے محقق جیاذیوڈانگ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں، دونوں ممالک سدابہار سٹرٹیجک شراکت داری سے مستفید ہو رہے ہیں۔ جیازیوڈانگ نے کہا کہ ستمبر 2014 میں پاکستان میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر چین اور پاکستان نے چینی صدر زی ین پنگ کے طے شدہ دورہ پاکستان کو منسوخ کر دیا تھا تاہم اس شیڈول کی تبدیلی کے دوطرفہ تعلقات پر کوئی منفی اثرات نہیں پڑے اور دونوں اطراف چینی صدر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔پاکستان نے حال ہی میں کہا ہے کہ وہ صدر زی ین پنگ کو قومی پریڈ میں شرکت کیلئے مدعو کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو کہ 23 مارچ کو ہونی ہے اور جب سے امریکی صدر اوباما نے بھارت کا دورہ کیا ہے تب سے اس قسم کی خبریں زیادہ گردش میں ہیں۔