• news

ایران کی پاکستان کو مزید 3 ہزار میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کی پیشکش

اسلام آباد (صباح نیوز) ایران کی جانب سے پاکستان کی وزارت پانی اور بجلی کو بجلی کے معاہدوں کے لیے رواں ماہ ایران آنے کی دعوت بھی دی گئی ہے۔ایران کی جانب سے پاکستان کو مزید 3 ہزار میگا واٹ بجلی فراہمی کی پیشکش کی گئی ہے۔ اس سے قبل 2007ء اور 2012ء میں ہونیوالے ایم او یوز اس کے علاوہ ہے۔ ایرانی حکومت کی جانب سے پاکستان کی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ (این ٹی ڈی سی) کو لکھے گئے ایک مراسلے میں پیشکش کی گئی ہے کہ دورے کے دوران ایک ہزار میگا واٹ بجلی کی فراہمی کے معاہدوں اور مزید 3 ہزار میگا واٹ سستی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ این ٹی ڈی سی کے سابق سربراہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ پاکستان بجلی کی درآمد کے لئے چینی حکومت کی پیشکش پر بھی غور کررہا ہے، تاہم اس حوالے سے سکیورٹی خدشات موجود ہیں۔ چین کے مقابلے میں ایران سے حاصل ہو نے والی درآمدی بجلی سستی، فوری حاصل کے قابل اور اس میں سکیورٹی خدشات بھی کم ہیں۔این ٹی ڈی سی کے ایک اور سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کی پیش کی جانے والی 4 ہزار میگا واٹ سستی بجلی سے پاکستان میں لوڈشیڈنگ پر 50 فیصد تک قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن