سینٹ کی 52 خالی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی آج اور کل وصول کئے جائینگے، الیکشن کمشن کا بائیومیٹرک سسٹم پر انتخابات کرانے سے انکار
اسلام آباد/ لاہور (آئی این پی+ آن لائن) ایوان بالا کی 52 خالی نشستوں پر انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا مرحلہ آج جمعرات سے شروع ہوگا۔ الیکشن کمشن کے جاری شیڈول کے مطابق سینٹ کیلئے کاغذات نامزدگی آج 12 اور کل 13 فروری کو جمع کروائے جائیں۔ الیکشن کمشن حکام نے بتایا کہ امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کے ساتھ کسی پارٹی کا ٹکٹ منسلک کرنا ضروری ہے، تاہم آزاد امیدوار کیلئے یہ شرط نہیں ہوگی۔ سینٹ کے انتخابات 3 مارچ کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد اور دیگر چاروں صوبائی اسمبلیوں میں منعقد ہونگے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن آف پاکستان نے بائیومیٹرک سسٹم پر الیکشن کے انعقاد کو نہ مانتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ بائیومیٹرک سسٹم سے ضروری نہیں کہ کسی فرد کے فنگر پرنٹ شاختی کارڈ کے عین مطابق ٹیلی کرجائیں۔ الیکشن کمشن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بائیومیٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کے انعقاد کیلئے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے الیکشن کمشن سے رابطہ کیا تاہم انہیں بتایا گیا کہ فنگر پرنٹ کسی صورت ٹیلی نہیں ہو سکتے‘ اسلئے ووٹرز لسٹ فنگر پرنٹ کے مطابق بنانا مشکل کام ہے۔