• news

سینٹ انتخابات: مسلم لیگ ن نے پرویز رشید، ساجد میر، ظفر الحق کو ٹکٹ دیدئیے، کئی اہم رہنما نظر انداز

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے چیئرمین پارلیمانی بورڈ کی حیثیت سے ممبران کی مشاورت سے چاروں صوبوں سے پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں جبکہ کئی اہم رہنما سینٹ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں سے محروم رہے اور انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں مل سکے۔ تفصیلات کے مطابق ٹکٹ حاصل کرنے والوں میں پنجاب سے ٹیکنو کریٹ، علماء کی دو نشستوں کے لئے مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر، خواتین کی دو نشستوں پر بیگم نجمہ حمید اور کرن ڈار ایم پی اے، سات جنرل نشستوں پر پرویز رشید، مشاہد اللہ خان، ڈاکٹر آصف کرمانی، نہال ہاشمی، چودھری تنویر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم اور ڈاکٹر غوث نیازی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا کو جنرل نشست اور ڈاکٹر راحیلہ مگسی کو خواتین کی مخصوص نشست کیلئے ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ خیبر پی کے سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی کو جنرل نشست پر ٹکٹ جاری کی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن خیبر پی کے کے صدر پیر سید صابر شاہ ان کے کورنگ امیدوار ہوں گے۔ سندھ سے واحد امیدوار سید ظفر علی شاہ کو جنرل نشست کے لئے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان سے مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر سردار یعقوب ناصر، امیر افضل خان مندوخیل، میر نعمت اللہ زہری کو جنرل نشستوں، شہباز خان درانی کو ٹیکنو کریٹ، علماء نشست کے لئے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ان کے کورنگ امیدوار ایاز خان سواتی ہوں گے۔ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے کلثوم پروین اور نان مسلم کے لئے دانش کمار کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ جنرل نشستوں پر سیدال خان ناصر اور میر عرفان کرد کورنگ امیدوار ہوں گے جبکہ بعض اہم رہنمائوں کو سینٹ ٹکٹ نہ دے کر سرپرائز دیا گیا ہے ان امیدواروں میں سرتاج عزیز، جعفر اقبال، عرفان صدیقی، طارق فاطمی، سعود مجید، رانا محمود الحسن شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سبکدوش ہونے والے 8سینیٹروں میں سے 6خوش نصیبوں کو آئندہ 6سال تک سینیٹر منتخب کروانے کے لئے مسلم لیگ ن نے ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں۔ ان خوش نصیبوں میں پارٹی کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق، مرکزی سینئر نائب صدر سردار یعقوب ناصر، مرکزی نائب صدر سید ظفر علی شاہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور سابق صدر پنجاب شعبہ خواتین بیگم نجمہ حمید شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن اور قومی وطن پارٹی نے سینٹ انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپائو کو ٹیلی فون کیا۔ جس میں سینٹ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے سینٹ انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے‘ دونوں جماعتوں نے خیبر پی کے میں سینٹ انتخابات مل لڑنے کا فیصلہ کیا۔ بدھ کو ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے میں قومی وطن پارٹی کے امیدوار جبکہ شیرپائو کی پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو سپورٹ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن