• news

حکومت اپنی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے ہر امتحان میں سرخرو ہو گی: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنی عوام دوست پالیسیوں اور بہتر کارکردگی کی وجہ سے ضمنی انتخابات سمیت ہر امتحان میں سرخرو ہو گی۔ حلقہ این اے 137 ننکانہ صاحب کے ضمنی انتخابات میں عوام مسلم لیگ (ن)کے امیدوار کو فتح سے ہمکنار کر کے ایک دفعہ پھر وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اقدامات پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے مہر تصدیق ثبت کریں گے۔ حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ماڈل ٹاؤن آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مسلم لیگی رہنماؤں سعود مجید، منشاء اللہ بٹ، مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شذرہ منصب کھرل، رانا ارشد، رانا جمیل احمد ، ذوالقرنین ڈوگر اور دیگر نے شرکت کی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری جماعت نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے زیادہ عوام دوست حکومت نہیں آئی جس کا واضح ثبوت بھاری مینڈیٹ ہے۔ حکومت نے پٹرول اور ڈالر کی قیمتیں نیچے لا کر عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا۔ ہماری حکومت عوام اور فوج کے بھرپور تعاون سے دہشت گردی ، انتہاپسندی اور شدت پسندی کے خلاف فیصلہ کن انداز میں نبرد آزما ہے۔ بہت جلد ملک کو لگے اس روگ سے نجات حاصل کر کے وطن کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے جتنا ہماری حکومت نے کام کیا ہے، اس کا عشر عشیر بھی ماضی کی حکومتوں کے کریڈٹ پر نہیں ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے حلقہ این اے 137 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ حلقہ کے دور دراز دیہات، گلی محلوں اور یونین کونسل سطح پر متحرک ہو جائیں۔ انہوں نے علاقے کے ایم پی ایز ذوالقرنین ڈوگر اور رانا جمیل احمد پر زوردیا کہ حلقے میں پارٹی کے ورکرز اور رہنما ؤں کو اعتماد میں لیں۔ ناراض دھڑوں کے درمیان اختلافات ختم کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے، یہاں کے لوگ میاں نواز شریف سے محبت کرتے ہیں اور مخالف سیاسی جماعتیں چاہے جتنا زور لگا لیں، ان کی جوڑ توڑ کی سیاست مسلم لیگ (ن) سے یہ نشست نہیں چھین سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن