بجلی، گیس بندش جاری، فیصل آباد میں شہریوں کا مظاہرہ، روڈ بلاک کر دی
لاہور + فیصل آباد (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) بجلی گیس بندش کا سلسلہ جاری، فیصل آباد میں شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ سوئی ناردرن نے گھروں کے لئے گیس کی سپلائی میں اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور اور پنجاب بھر کے زیادہ تر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی شکایات میں 50فیصد تک کمی آئی ہے، گیس کا شارٹ فال کم ہو کر 1200ملین کیوبک فٹ رہ گیا ہے۔ گیس پریشر بہتر ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کو 128ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کی جا رہی تھی، جس کو گزشتہ دنوں بند کر دیا گیا۔ جس کے بعد روش پاور پلانٹ کو گیس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق روش کو ٹیکسٹائل سیکٹر سے قدرے کم گیس کی فراہمی کی ضرورت ہے جس کے بعد باقی گیس گھروں کے پریشر کو بہتر بنانے کے لئے سپلائی کی جارہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے گیس پریشر میں بہتری سے کھانا پکانے کے لئے مہنگی ایل پی جی کا استعمال کم ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں بجلی کی پیداوار میں مزید کمی کے باعث شارٹ فال ساڑھے چار ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا، شارٹ فال میں اضافہ کا تمام بوجھ گھریلو صارفین پر ڈالا گیا زیادہ بوجھ دیہی علاقوں پر ڈالا گیا۔ گزشتہ روز بھی آدھے سے زیادہ شہر کی بجلی مسلسل 8گھنٹے مرمت اور ترقیاتی کاموں کے نام پر بند رہی، شہری خوار ہوگئے۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز نے آج کے لئے مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کا شیڈول جاری کر دیا جس کے تحت مرمت کے نام پر درجنوں فیڈرز بند رکھے جائیں گے۔ دوسری جانب انڈسٹریز کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ گزشتہ روز شہروں میں بارہ گھنٹے اور چھوٹے شہروں و دیہی علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 13410 میگاواٹ جبکہ پیداوار 8870 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 4550 میگاواٹ کا فرق رہا۔ گیس کی بد ترین اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مردوں خواتین نے نڑوالا روڑ پر ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تھانہ مدن پورہ کے علاقہ نڑ والہ رور مین رضاآباد چوک میں علاقہ مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاجی مظاہر کرتے ہوئے روڑ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بلاک کردیا۔ مظاہرے میں شریک خواتین نے ہاتھوں میں برتن چولہے ڈنڈے اور جوتے بھی اٹھا رکھے تھے۔ مطاہرین نے حکومت اور محکمہ سوئی گیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔