سینٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پانے والے نئے امیدواروں کے نام
لاہور (خصوصی رپورٹر) سینٹ کے 3 مارچ کے الیکشن کیلئے مسلم لیگ (ن) نے جن نئے خوش نصیبوں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے ہیں ان میں پنجاب سے وزیراعظم نوازشریف کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی، مشرف دور میں بیگم کلثوم نواز کی راولپنڈی میں اپنی رہائشگاہ پر پہلی عوامی میٹنگ کروانے والے اسوقت کے ایم پی اے چودھری تنویر، مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری نہال ہاشمی جنہوں نے اپنا ووٹ کراچی سے لاہور ٹرانسفر کروایا ہے۔ سٹیل مل کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم، ڈاکٹر غوث نیازی صدر مسلم لیگ (ن) خوشاب، معروف کشمیری رہنما غلام حسین ڈار مرحوم کی صاحبزادی کرن ڈار ایم پی اے، خیبر پی کے سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی، بلوچستان سے امیر افضل خان مندوخیل نائب صدر مسلم لیگ (ن) بلوچستان اور اے این پی کی رہنما کلثوم پروین جنہوں نے اے این پی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔