سپریم کورٹ: رینٹل پاور کیس میں نظرثانی کی حکومتی درخواست پر سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں رینٹل پاور کیس میں حکومتی نظر ثانی اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے عدالت کو بتایا حکومتی وکیل خواجہ طارق رحیم نے اطلاع دی ہے کہ وہ مقدمہ میں پیش نہیں ہوں گے کیونکہ ان کی وکالت کی پاور آف اٹارنی وزارت پانی و بجلی نے منسوخ کر دی ہے، وفاقی حکومت اپنا وکیل تبدیل کرنا چاہ رہی ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نظرثانی کی اپیل وزارت پانی و بجلی کی جانب سے داخل کی گئی ہے مگران کی طرف سے کوئی نمائندہ عدالت میں موجود نہیں ہے۔ وقفے کے بعد ظفر عباس کو وزارت سے ہدایت لیکر موقف عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا، عدالتی وقفے کے بعد ایم ڈی پیپکو اور جوائنٹ سیکرٹری ضرغام اسحاق عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وکیل تبدیل نہیں کیا جا رہا۔