• news

شہروں میں 10 دیہات میں 14 گھنٹے تک بجلی بند، پشاور میں احتجاجی مظاہرہ

لاہور، پشاور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے شارٹ فال کم ہو گیا۔ شارٹ فال میں کمی کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں دو گھنٹے تک کی کمی کر دی گئی جبکہ پشاور میں بجلی کی طویل بندش کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور روڈ بلاک کردی گئی۔ گزشتہ روز شہروں میں 8 سے 10 گھنٹے اور دیہات میں 14 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ انڈسٹریز کو بلا تعطل فراہمی کا سلسلہ جاری رہا۔ ارسا کی جانب سے ڈیموں سے پانی کے اخراج میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز تربیلا سے 45 ہزار کیوسک اور منگلا سے 40 ہزار دو سو کیوسک پانی خارج کیا گیا۔ ادھر پشاور کے علاقے چرغہ خیل کے مکینوں نے لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا اور پریس کلب کے باہر پہنچ کر مظاہرین نے کچھ دیر کے لئے سڑک بلاک کردی اور نعرے لگائے۔
بجلی بند/ مظاہرہ

ای پیپر-دی نیشن