ملازمت، آصف کرمانی سینٹ الیکشن نہیں لڑسکیں گے، کرن ڈار سے بھی ٹکٹ واپس
لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعظم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے سینٹ آف پاکستان کے لئے مسلم لیگ ن کے سربراہ اور پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین محمد نواز شریف کی جانب سے جاری کی گئی ٹکٹ شکریے کے ساتھ واپس کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سینٹ کے لئے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں کا جمعرات کو ایوان وزیراعلیٰ 8 کلب روڈ پر اجلاس ہوا جس میں وکلاءنے امیدواروں کے نامزدگی فارم پُر کروائے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی کے وکیل نے وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری سے دریافت کیا کہ کیا وہ اپنے عہدے کی تنخواہ لیتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جی ہاں۔ اس پر وکیل نے رائے دی کہ سروسز آف پاکستان رولز ان پر بھی لاگو ہوں گے جیسے گورنر سینٹ کا الیکشن نہیں لڑسکتا اسی طرح سرکاری تنخواہ حاصل کرنے والا پولیٹیکل سیکرٹری بھی الیکشن نہیں لڑسکتا۔ تاہم بعض دیگر وکلاءنے ڈاکٹر کرمانی کو رائے دی کہ وہ کاغذات جمع کروا دیں اور فیصلہ الیکشن کمشن پر چھوڑ دیں لیکن ڈاکٹر کرمانی نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے لیڈر نواز شریف اور پارٹی کو مشکل میں نہیں ڈالیں گے لہٰذا الیکشن نہیں لڑیں گے۔ انہوں نے اپنے فیصلے سے وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر محمد شہباز شریف کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ تمام صورت حال جان کر نواز شریف، شہباز شریف نے ڈاکٹر آصف کرمانی کی اصول پسندی کو سراہا۔ تاہم افسوس بھی ظاہر کیا کہ وہ الیکشن نہیں لڑسکیں گے۔ دریں اثناءڈاکٹر آصف کرمانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور مرکزی پارلیمانی بورڈ کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے انہیں سینٹ کیلئے ٹکٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے وکلاءکی جانب سے سینٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کی قباحت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وکلاءکے مشورے کی روشنی میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف کا کارکن ہوں اور اس حیثیت میں پارٹی کی خدمت کرتا رہوں گا۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ(ن) نے خاتون کی نشست پر پنجاب اسمبلی کی رکن کرن ڈار کی جگہ سابق اٹارنی جنرل چودھری فاروق مرحوم کی بہو عائشہ رضا فاروق کو امیدوار نامزد کردیا گیا۔ عائشہ رضا فاروق سابق اٹارنی جنرل چودھری محمد فاروق مرحوم کی بہو اور سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چوہدری رضا فاروق کی بیوہ ہیں اور سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس خلیل الرحمن رمدے اور قومی اسمبلی کے رکن اسدالرحمن کی قریبی عزیزہ ہیں۔
ٹکٹ واپس کردی