2014 ئ: لاہور میں392 پولیس افسروں، اہلکاروں کیخلاف 171 مقدمات درج ہوئے
لاہور (مرزا رمضان بیگ وقت نیوز) لاہور سٹی پولیس نے گذشتہ سال قتل، خیانت مجرمانہ، اغوا اور دوسرے سنگین جرائم کے الزام میں 392 پولیس افسروں و اہلکاروں کے خلاف 171 مقدمات درج کئے۔ تفتیشی افسران نے 35 مقدمات خارج جبکہ 4 مقدمات کو ان ٹریس قرار دے کر داخل دفتر بھی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سٹی پولیس نے 2014ءمیں جن 392 پولیس افسروں اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کئے ان میں ایک اے ایس پی، ایک ڈی ایس پی، 10 انسپکٹر، 37 سب انسپکٹر، 40 اے ایس آئی، 41 ہیڈ کانسٹیبل، 248 کانسٹیبلز، 13 ٹریفک وارڈن اور ایک ٹریفک کانسٹیبل شامل ہیں۔ قتل کے 7، اقدام قتل کا ایک، پولیس آرڈر 2002 کی خلاف ورزی کے 29، خیانت مجرمانہ کے 15، اغوا کے 6، پولیس کی حراست سے ملزم کی فراری پر 15، غیر قانونی حراست میں رکھنے کے 13 اور متفرق جرائم کے 85 مقدمات درج ہوئے۔ سٹی ڈویژن میں 41، کینٹ ڈویژن میں 35، اقبال ڈویژن میں 28، صدر ڈویژن میں 24، ماڈل ٹا¶ن ڈویژن میں 23 اور سول لائن ڈویژن میں 20 مقدمات درج ہوئے۔ انویسٹی گیشن ونگ نے 61 مقدمات کے چالان مکمل کئے جبکہ 9 مقدمات کے نامکمل چالان عدالتوں میں پیش کئے 62 مقدمات اب بھی زیر تفتیش ہیں۔ حیران کن امر ہے کہ مقدمات درج ہونے کے باوجود کئی بااثر افسر اپنے عہدوں پر برقرار رہے اور اپنے خلاف درج مقدمات خارج کروانے میں کامیاب رہے۔
پولیس افسران/ مقدمات