ذکی الرحمن لکھوی کی اغوا کے مقدمہ میں بریت کی درخواست مسترد، عبوری چالان عدالت میں جمع
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی اغوا کے مقدمے میں بریت کی درخواست مسترد کر دی، پولیس نے مقدمہ کا عبوری چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ سول و جوڈیشل مجسٹریٹ نوید خان نے بریت کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔ ذکی الرحمن لکھوی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ تھانہ گولڑہ پولیس نے افغان شہری کی درخواست پر چھ سال پرانے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا جس میں مغوی کو زبردستی ساتھ لے جانے کا کوئی ثبوت نہیں۔ پولیس نے ممبئی حملہ کیس میں ضمانت ملنے پر نیا بے بنیاد مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا موقف تھا کہ ذکی الرحمن لکھوی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر محمد انور کو اغوا کیا جو تاحال بازیاب نہیں ہو سکا۔ پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے کہا کہ کیس ابتدائی مراحل میں ہے ملزم کو بری نہیں کیا جا سکتا۔ فاضل عدالت نے ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ذکی الرحمن لکھوی کو ممبئی حملہ کیس اور شہری اغوا کیس میں ضمانتیں منظور ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل میں نظربند کر رکھا ہے۔