• news

پاک چین راہداری کا روٹ بدلا تو دھرنا دیں گے، خیبر پی کے حکومت کی کارکردگی توقع سے کم ہے: عمران

پشاور (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا افغانستان سے ملا ہوا ہے جہاں سے پولیو وائرس آ رہا ہے، پولیو وائرس پر قابو نہ پایا گیا تو خیبرپی کے کے لوگ بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔ بیماریوں پر قابو پانے کیلئے ’’صحت کا اتحاد‘‘مہم شروع کر دی ہے، پشاور میں سروسز ہسپتال میں صحت کا اتحاد مہم کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوں گے، بلدیاتی انتخابات کیلئے ہم تیار ہیں، سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی وجہ سے خیبر پی کے میں بھی انتخابات کروانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے کے سرکاری ریڈیو پر خطاب میں عمران نے کہا ہے کہ کاشغر گوادر روٹ کو تبدیل کیا گیا تو دھرنا دینگے۔ اصل تبدیلی بلدیاتی انتخابات سے آئیگی۔ کئی بار پشاور کی ٹریفک میں پھنس چکا ہوں۔ پشاور کیلئے دو ہفتوں میں نیا ماسٹر پلان لے کر آ رہے ہیں۔ ایک برس میں خیبر پی کے سب سے بہتر صوبہ ہو گا۔ چاہتے ہیں کہ سکول اور بی، ایچ یوز کا نظام گاؤں کے لوگ چلائیں۔ جب بھی حکومت ملی تو گورنر ہاؤس لاہور کی دیوار گرائیں گے۔ مجھے لگتا ہے اس سال دوبارہ انتخابات ہونگے۔ آرمی پبلک سکول واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہے۔ متاثرین کو مطمئن کرینگے۔ موجودہ سسٹم میں تبدیلی کی کوئی امید نہ رکھے۔ سینٹ انتخابات میں امیدواروں کو خود چنا ہے۔ عمران نے پیر پگاڑا سے سینٹ کے انتخابات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پیر پگاڑا نے عمران خان کو سندھ آنے کی دعوت دی۔ ریڈیو خطاب میں عمران نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پی کے کو گیس، تیل اور پانی کا حصہ نہیں دے رہی، جس تیزی سے کام کرنا چاہتے تھے ویسا نہیں ہو سکا۔ خیبر پی کے کی کارکردگی میری توقعات سے کم ہیں مگر کئی بار حکومت میں آنے والی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے ہماری کارکردگی کہیں بہتر ہے۔ ہر ماہ ایک گھنٹہ براہ راست ریڈیو پروگرام میں شہریوں کے سوالوں کے جواب دونگا۔

ای پیپر-دی نیشن