دہشت گردی کے 6کیسز سکروٹنی کے لئے وزارت داخلہ کے پاس زیر التواء
اسلام آباد (آن لائن) دارالحکومت اسلام آباد سے بھی دہشت گردی سے متعلق 6 کیسز وزارت داخلہ کے پاس زیر التواء ہیں اور ان کی سکروٹنی کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت میں 40 میں سے 6 کیسز کو چنا اور وزارت داخلہ کو بھیجے تاکہ انہیں فوجی عدالتوں کو ریفر کیا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق ان کیسز میں 2010ء میں سہالہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں دہشت گردوں کا نیٹو کنٹینرز پر حملہ‘ ایف ائی اے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کا قتل‘ گن مین سکندر‘ علی مسجد دھماکہ بہارہ کہو اور سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کا قتل شامل ہے تاہم ذرائع نے کہا کہ ایف ایٹ کچہری حملہ اور سبزی منڈی دھماکہ کا کیس وزارت داخلہ کو نہیں بھیجا گیا ہے۔