• news

سینٹ انتخابات: الیکشن کمشن کا امیدواروں کی سکروٹنی کرانیکا فیصلہ، 10اداروں کو خط

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمشن نے 5 مارچ کو ہونے والے سینٹ کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا اترنے کے حوالے سے نادرا، احتساب بیورو، ایف بی آر سمیت 10 مختلف اداروں سے چھان بین کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے نادرا، سٹیٹ بینک، پیپکو، وزارت خزانہ، وزارت پٹرولیم، پی ٹی سی ایل، نیب، وزارت داخلہ، ایف بی آر، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت پانی و بجلی کے نام خطوط ارسال کئے گئے جن میں ان وزارتوں اور اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سینٹ کے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں معاونت کے لئے اپنے اپنے اداروں میں فوکل پرسنز کی فوری نامزدگی کریں جبکہ الیکشن کمشن ریٹرننگ افسروں کی جانب سے امیدواروں کی موصول ہونے والی حتمی فہرست ان تمام اداروں کے پاس چھان بین کے لئے بھجوائے گا۔ یہ ادارے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار، ان کے والدین، اہلیہ اور بچوں کی تفصیلات فراہم کریں گے جبکہ نادرا کی جانب سے امیدوار کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی تصدیق جبکہ عام شناختی کارڈ کی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ میں تبدیلی، بجلی اور گیس کے بلز، ایف بی آر سے ٹیکسوں کی ادائیگی، وزارت داخلہ سے کسی سنگین جرم میں ملوث ہونے کے بارے معلومات اور نیب سے بھی تصدیق کرائی جائے گی، الیکشن کمشن ان اداروں سے یہ معلومات لے کر واپس ریٹرننگ افسران کو ارسال کرے گا 19 اور 20 فروری کو امیدواروں کی موجودگی میں جانچ پڑتال کے موقع پر ان سے اس حوالے سے استفسار کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن