آزاد کشمیر قتل کے 2 مجرموں کو ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دیدی گئی
میرپور(آئی این پی+ آن لائن ) آزاد کشمیر کی ڈسٹرکٹ جیل میں قتل کے 2 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ پھانسی کے بعد دونوں کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عدالت سے سزائے موت پانے والے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچا نے کاسلسلہ جاری ، آزاد کشمیر میں بھی اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی ڈسٹرکٹ جیل میں قتل کے مجرم محمد ریاض اور محمد فیاض کو علی الصبح تختہ دار پر لٹکادیا گیا جس کے بعد دونوں کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔دونوں مجرم گجرات کے علاقے سرائے عالمگیر کے ایک گاؤں کے رہائشی تھے جن کی ورثا سے آخری ملاقات گزشتہ روز کرا دی گئی تھی جبکہ دونوں مجرموں کو آزاد کشمیر کی شریعت کورٹ نے پھانسی کی سزا سنائی تھی اور 2012 میں سپریم کورٹ نے بھی مجرموں کی پھانسی کی سزا کو بحال رکھا تھا۔ محمد ریاض اور محمد فیاض نے 2005 میں سپریم کورٹ بار آزاد کشمیر کے سابق صدر فضل ربانی کے گھر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر،ان کے بیٹے کو قتل کردیا تھا۔دونوں مجرموں کو آزاد کشمیر کی شریعت کورٹ نے پھانسی کی سزا سنائی تھی ۔