• news

پاکستان بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے، دہشت گردوں کا عبرتناک انجامقریب ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں قومی ایکشن پلان کے تحت کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو قومی ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر ہر قیمت پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے ذریعے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اور بروقت اقدامات کئے ہیں۔ قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزائوں کو سخت کیا۔ پوری قوم نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ کیلئے کچلنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ قوم کے اتحاد کی طاقت سے دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کا عبرتناک انجام قریب ہے اور پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے پاک کرکے دم لیں گے۔ سفاک درندوں کیخلاف فیصلہ کن ایکشن کیا جارہا ہے۔ پوری قوم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے یہی لمحہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا ہے جس میں صرف جیت ہی واحد آپشن ہے انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے غیر معمولی صورتحال میں غیر معمولی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقا کی جنگ ہے سب نے ملکر پاکستان کا کھویا ہوا امن اسے ہر قیمت پر لوٹانے کا عزم کیا۔ فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کیلئے پاک سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔ قوم کے پختہ عزم سے ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ایک اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ شفافیت، میرٹ، معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، اقبال چنڑ، ملک ندیم کامران، رانا مشہود احمد خان، ایم این اے حمزہ شہباز ، ایم پی ایز رانا ثناء اللہ اور زعیم حسین قادری نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ مستقبل میں بھی عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں ریلیف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات جاری رکھیں گے۔ چنیوٹ۔ رجوعہ میں ملنے والے معدنی ذخائر اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے۔ زمین میں چھپے یہ خزانے ملک و قوم کی قسمت بدل دیں گے۔ انشاء اللہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔ صوبائی وزراء نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو چنیوٹ۔رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی دریافت و تصدیق پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی رہنمائی میں یہ پوشیدہ خزانے ملے ہیں جو پوری قوم کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن