کرکٹ کی عالمی جنگ آج سے شروع، نیوزی لینڈ، سری لنکا افتتاحی میچ میں مدمقابل، پاکستان بھارت ٹاکرا کل ہو گا
کرائسٹ چرچ (نیوز ایجنسیاں) کرکٹ کی عالمی جنگ آج سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شروع ہو رہی ہے۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان نیوزی لینڈ اور سابق ورلڈ چیمپئین سری لنکا کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں دنیا کی چودہ بہترین ٹیموں کے درمیان دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ شروع ہونے والی ہے۔ چودہ وینیوز پر چوالیس دن سنسنی خیز انچاس میچ ہوں گے۔ کرائسٹ چرچ میں پہلا ٹاکرا نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات تین بجے شروع ہوگا۔ ایونٹ کا دوسرا میچ آج صبح ساڑھے آٹھ بجے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ عالمی کپ میں شامل ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، افغانستان اور سکاٹ لینڈ جبکہ گروپ بی میں پاکستان، دفاعی چیمپئن بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ عالمی کپ کا میلہ کون لوٹے گا فیصلہ 29مارچ کو میلبورن میں ہو گا۔ میگا ایونٹ میں کل دو میچ کھیلے جائینگے۔ اس سلسلے میں پہلا میچ پول بی میں شامل ٹیموں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان ہیملٹن میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہوگا جبکہ اسی روز کا دوسرا اور میگا ایونٹ کا انتہائی اہم میچ پول بی میں شامل روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا جس کو پاکستانی شائقین معیاری وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 30 منٹ پر دیکھ سکیں گے۔اے پی پی کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں نے گزشتہ روز ایڈیلیڈ کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کی جس کے بعد پاکستانی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی اور خصوصاً بھارت کے خلاف کامیابی کیلئے دعا کرائی گئی۔