تاپی گیس منصوبے کی بروقت تکمیل کو بڑی اہمیت دیتے ہیں: صدر ممنون
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر ممنون نے کہا ہے کہ پاکستان اور وسط ایشیائی ریاستوں کے درمیان زمینی اور فضائی رابطوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے ترکمانستان اور خطے کے دیگر ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کی رفتار تیز ہو جائے گی۔ صدر نے یہ بات ترکمانستان کے سفیر عطا جان مولاموف سے بات چیت میں کہی۔ عطا جان نے صدر کو ترکمانستان کے صدر قربانگلی محمدوف کی طرف سے دسمبر میں ترکمانستان پر ماننٹ نیوٹریلیٹی کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جسے صدر نے قبول کر لیا۔ صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں میں باہمی تجارت کے بہت مواقع موجود ہیں لیکن تجارت کا حجم صلاحیت سے کم ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے۔ صدر نے ترکمانستان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں ترکمانستان میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی بروقت تکمیل کو بڑی اہمیت دیتا ہے جس سے اس کی توانائی کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں اسی طرح پاکستان ترکمانستان اور خطے کے دیگر ملکویں کو سمندر تک زمینی راہداری فراہم کر سکتا ہے جو خطے کی معاشی ترقی کے لئے اہم ہے۔