• news

بینظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر نصب کارگو سکیننگ مشین دو ہفتوں سے خراب

راولپنڈی (اصغر شاد سے) معلوم ہوا ہے کہ بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر نصب کارگو سکیننگ مشین خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ مشین دو ہفتوں سے  خراب ہے جس کے باعث یورپ اور امریکہ کے لئے بک کرایا جانیوالا کروڑوں روپے مالیت کا سامان ایئرپورٹ پر ہی گل سڑ رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کارگو میں موجود کارگو سکیننگ مشین امریکہ‘ یورپ اور برطانیہ کے زور دینے پر نصب کی گئی تھی تاکہ جتنے بھی آئیٹمز ان ممالک میں بھیجے جائیں وہ مکمل طور پر سکین کئے جائیں تاکہ کوئی دھماکہ خیز مواد وہاں نہ بھیجا جا سکے لیکن گزشتہ دو ہفتوں سے یہ مشین مکمل طور پر غیر فعال ہو چکی ہے جس کے لئے  امریکہ سے پرزہ جات منگوائے گئے ہیں تاکہ مشین کو دوبارہ چالو کیا جا سکے۔ اس ضمن میں پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشین کی خرابی کے بعد امریکہ سے جو پرزے منگوائے گئے ہیں وہ سوموار کے روز تک پہنچ جائیں گے جو نصب کرنے کے بعد دوبارہ کارگو کا شعبہ فعال ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن