نیپرا کا بند ہونیوالے آئی پی پیز کیلئے پیشگی ٹیرف 12.57 روپے مقرر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبر نگار) نیپرا نے رینٹل پاور پلانٹس اور پنجاب میں بند ہونے والے آئی پی پیز کیلئے پیشگی ٹیرف 12روپے 57 پیسے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیپرا نے پیشگی ٹیرف اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میںکیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت پانی وبجلی موسم گرما میں 15 سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہو سکے۔ رینٹل پاور پلانٹ ریشماں، گف اور پنجاب میں بند ہونے والے آئی پی پیز سے تین سال کیلئے ٹیک اینڈ پے کی بنیاد پر بجلی خریدی جائیگی۔ ان پاور پلانٹس کو بجلی پیدا نہ کرنے کی صورت میں کپیسٹی پیمنٹ نہیں کی جائیگی۔ ان تمام پلانٹس سے پیشگی ٹیرف منظور ہونے کے بعد تین سال تک بجلی خریدی جائے گی، دوسری طرف پنجاب میں ایل این جی پر لگنے والے پاور پلانٹس کیلئے بھی 10 روپے 54 پیسے فی یونٹ پیشگی ٹیرف مقررکرنے کی پیشکش کردی ہے۔ نیپرا نے پیشگی ٹیرف کی درخواست سماعت کیلئے منظورکرلی ہے۔ ایل این جی پاورپلانٹس کیلئے 10 روپے 54 پیسے فی یونٹ پیشگی ٹیرف کی پیشکش کی گئی ہے۔ ایل این جی کے پاور پلانٹس کیلئے ٹیرف 30 سال کیلئے نافذ ہوگا۔ ایل این جی پر لگنے والے پاور پلانٹس پر 15 فیصد منافع کی پیشکش کی گئی ہے۔ نیپرا نے تمام سٹیک ہولڈرز سے 22 فروری تک آراء طلب کی ہیں۔ نیپرا پیشگی ٹیرف کی منظوری کیلئے 23 فروری کو سماعت کریگا۔