• news

برجیس طاہر گورنر گلگت بلتستان مقرر سڑکوں پر احتجاج کرینگے، پی ٹی آئی

اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر برجیس طاہر کو گلگت بلتستان کا گورنر مقرر کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صدر ممنون حسین نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر برجیس طاہر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ یاد رہے کہ برجیس طاہر کی تعیناتی کے بعد مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں الیکشن کے حوالے سے علاقے میں کام کریگی، سیاسی راہ ہموار کئے جانے کے بعد وہاں پر الیکشن کرائے جائیں گے۔ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی سمیت دیگر تنظیمی ذمہ داریاں بھی برجیس طاہر کو دی جائیں گی۔ ایوان صدر کے اعلامیہ کے مطابق صدر نے وزارت امور کشمیر کی وزیراعظم کو وزیر امور کشمیر برجیس طاہر کو گورنر گلگت بلتستان مقرر کرنے کے بارے میں بھجوائی گئی سمری پر بھیجی گئی ایڈوائس کی منظوری دیتے ہوئے برجیس طاہر کے بطور گورنر گلگت بلتستان کی منظوری دیدی۔ صدر نے ریاستوں اور سرحدی امور کی وزارت کی طرف سے وزیراعظم کو فاٹا کیلئے سپیشل اکنامک زون ایکٹ 2012ء  اور  ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013ء میں توسیع کیلئے بھیجی گئی سمری پر صدر کو دی گئی ایڈوائس قانون و انصاف اور انسانی حقوق ڈویژن کی وزیراعظم کو عتیق الرحمن کیانی کو راولپنڈی اسلام آباد کیلئے سٹینڈنگ کونصل بنانے کیلئے سمری کی منظوری کی روشنی میں دی گئی ایڈوائس کی بھی منظوری دیدی۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے وزیر امور کشمیر گلگت و بلتستان چودھری برجیس طاہر کو گورنر گلگت بلتستان بنانے کی مخالفت کرتے ہوئے سمری کی منظوری پر اس کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے آزاد  علاقے کے لئے چیف کواڈینیٹر غلام  سرور خان نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے لئے مسلم لیگ(ن) کے باضابطہ کارکن کو چیف الیکشن کمشنر  اسی طرح سرکاری ملازم کو نگران وزیراعلیٰ تعینات کر دیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے دعویٰ کیا گلگت بلتستان کی نگران کابینہ بھی پاکستان کے آئین کے شق تحت ہونی چاہئے۔ سپریم کورٹ کو حکومت پاکستان کے غیر آئینی اقدام سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ حکومت قبل از انتخابات سنگین دھاندلی میں ملوث ہے، نگران وزیراعلیٰ بھی سرکاری ملازم تھے اور نگران وزیراعلیٰ بننے کیلئے اس نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے باقاعدہ طور پر تین ماہ کی چھٹی لی ہے، اس معاملے کو بھی عدالت عظمیٰ میں چیلنج اور سڑکوں پر احتجاج کیا جائیگا۔ عمران خان اپریل میں گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے، گلگت بلتستان کی تمام نشستوں پر امیدوار کھڑے کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن