راولا کوٹ‘ چارواہ: بھارت کی پھر بلااشتعال فائرنگ‘ گولہ باری‘ شہری شہید: پاکستان کا شدید احتجاج
راولا کوٹ+ سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ نامہ نگار) بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے راولا کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے راولا کوٹ کے گائوں پولاس کا 60 سالہ محمد اسلم شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق محمد اسلم سرحدی علاقے میں گھاس کاٹ رہا تھا کہ اسے پیٹ میں تین گولیاں آلگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پاکستانی فورسز نے بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چارواہ سیکٹر پر فائرنگ اور گولہ باری کی۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے چارہ اور ہرپال کے دیہات پر فائرنگ اور گولہ باری کی تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ چناب رینجرز کے جوانوں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد بھارتی گولہ باری رک گئی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ دریں اثناء پاکستان نے سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے راولا کوٹ میں 60 سالہ شہری محمد اسلم کی شہادت پر بھارت سے احتجاج کیا ہے۔ محمد اسلم پاکستانی حدود میں 150 میٹر اندر گھاس کاٹ رہا تھا۔ حکومت نے محمد اسلم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بھارت اپنی سکیورٹی فورسز کو شہریوں پر فائرنگ اور سرحدی خلاف ورزی سے باز رکھے۔