آرمی چیف جنرل راحیل‘ میجر شبیر شریف شہیدکی والدہ انتقال کر گئیں‘ لاہور میں سپرد خاک
لاہور (خبر نگار + ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف، میجر شبیر شریف شہید (نشانِ حیدر) اور ستارۂ بسالت کیپٹن ممتاز شریف کی والدہ انتقال کرگئیں۔ انہیں کیولری گراؤنڈ لاہور کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، جنرل راحیل شریف، کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، پاک فوج کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائر افسروں کے علاوہ اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ مرحومہ کا ختم قل آج اتوار آرمی گیسٹ ہاؤس لاہور میں ہو گا جبکہ دعا 4 بجے سہ پہر ہوگی۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی والدہ کی میت کو راولپنڈی سے لاہور منتقل کیا گیا تھا۔ مرحومہ کو انکے شوہر میجر محمد شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔ اس سے پہلے انکی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ، نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وفاقی وزرا چودھری نثار علی، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ جنرل راحیل شریف کی والدہ اے ایف آئی سی راولپنڈی میں زیرعلاج تھیں جو ہفتے کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئیں۔ وزیراعظم نوازشریف، سابق صدر زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، الطاف حسین، عشرت العباد، سراج الحق، عمران خان، مولانا فضل الرحمن، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی، منظور وٹو اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے آرمی چیف کی والدہ کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔