کوئٹہ میں جھڑپ‘ کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک‘ اہلکار شہید‘ ژوب : پولیو ٹیم کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن دو اغواءکاروں نے خود کو اڑا لیا
کوئٹہ+ نصیر آباد (نوائے وقت نیوز+ صباح نیوز+ بی بی سی ڈاٹ کام) کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ اور فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عثمان عرف سیف اللہ ایک ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ میں سریاب کے علاقے میں ایک مکان میں دہشت گردوں کی اطلاع پر فورسز نے سرچ آپریشن کیا اور موقع پر پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا جس میں کالعدم تنظیم کا عثمان سیف اللہ ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس چیف بلوچستان کے مطابق ہلاک ہونے والا کمانڈر عثمان کالعدم لشکر جھنگوی بلوچستان کا سربراہ تھا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق عثمان سیف اللہ پر کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں فرقہ وارانہ قتل اور اقدام قتل کے درجنوں مقدمات درج تھے، وہ 2008ءمیں کوئٹہ میں اے ٹی ایف کی جیل سے فرار ہو گیا تھا اور اس کے سر کی قیمت بھی مقرر کی گئی تھی۔ کوئٹہ پولیس چیف عبدالرزاق چیمہ نے عثمان سیف اللہ کرد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ مقابلے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور چار زخمی بھی ہوئے۔ ادھر ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں دو اغوا کار ہلاک ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کے گھیرا ڈالنے پر اغوا کاروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، آپریشن تین روز قبل اغوا کی گئی انسداد پولیو ٹیم کی بازیابی کیلئے کیا گیا۔ پولیو ٹیم کے زیراستعمال ایمبولینس برآمد کر لی گئی۔ سرچ آپریشن میں مغویوں کو بازیاب نہ کرایا جا سکا۔ لیویز اہلکاروں سمیت پولیو ٹیم کے 5 ارکان کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ آئی این پی کے مطابق نوتال میں نامعلوم تخریب کاروں نے دھماکہ خیز مواد سے مزید دو ہائی ٹرانسمیشن لائن کے دو پولوں کو اڑا دیا ، اوچ پلانٹ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 16 اضلع کو بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی جبکہ ایک اور 220 کے وی اے کے پول سے 30 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا گیا۔ تخریب کاروں نے 220 کے وی اے کے ایک اور بجلی کے پول میں 30کلو دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا جسے سکیورٹی فورسز نے ناکارہ بنا دیا بجلی نہ ہونے سے بلوچستان کے عوام پاکستان بھارت میچ دیکھنے سے بھی محروم رہے۔ ادھر اوچ کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
کوئٹہ میں جھڑپ