• news

کرم ایجنسی : گھر میں بم دھماکہ‘ خاتون جاں بحق‘ سات بچوں سمیت چودہ زخمی‘ ہتھیار جمع کرنے کی مہم شروع

کرم ایجنسی+ پشاور+ کوہاٹ (نوائے وقت نیوز + صباح نیوز) کرم ایجنسی کے علاقہ میں ایک گھر میں بم دھماکے سے خاتون جاں بحق ہو گئی، 7 بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے کرم ایجنسی کے مکینوں سے ہتھیار جمع کرنے کی مہم شروع کر دی ہے جبکہ کوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت 34 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیٹکل حکام کے مطابق صدا کے بازار سے ملحقہ علاقہ پیر قیوم سے گلاجان نامی شخص کے گھر کھلونا نما بم کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں ایک میں خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ 7 بچوں اور 5 خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیٹکل حکام کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ دھماکہ کس نوعیت کا تھا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی کارروائی شروع کردی گئی۔ وقوعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے کرم ایجنسی میں ہتھیار جمع کرنے کی مہم شروع کر دی ہے۔ کرم ایجنسی کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چار روز قبل پارا چنار کے مغربی علاقے کے ایک گاو¿ں بھگڈی میں سرچ آپریشن کے دوران تمام گھروں سے اسلحہ جمع کرکے تحویل میں لے لیا۔ انجمن حسینیہ کے سربراہ حاجی گل اختر جو توری کے تمام ذیلی قبائل کے ترجمان ہیں نے سرچ آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واقعے کے حوالے سے توری عمائدین نے پولیٹکل ایجنٹ امجد علی خان سے رابطہ کیا تھا جس پر انہوں نے گاو¿ں والوں کے ہتھیار جلد واپس کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ واضح رہے بھگڈی گاو¿ں جس مقام پر واقع ہے اس کے ساتھ افغانستان کا صوبہ پکتیکا منسلک ہے، گل اختر کا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی میں تین روز قبل قبائلی عمائدین کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ تمام مقامی افراد اپنے بھاری ہتھیار جمع کروادیں بصورت دیگر فوج علاقے میں اسلحہ جمع کرنے کیلئے آپریشن کرے گی۔ فاٹا میں امن وامان کے سیکرٹری شکیل قادر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ یہاں کے لوگ اپنے پاس بھاری ہتھیار نہیں رکھ سکتے۔ ادھر کوہاٹ میں افغان کیمپ اور ملحقہ دیہاتوں میں سرچ آپریشن کے دوران مطلوب اشتہاریوں اور افغان باشندوں سمیت 34 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے اسلحہ اور منشیات بھی قبضے میں لے لیں۔ سرچ آپریشن چیچنہ افغان مہاجر کیمپ اور ملحقہ دیہاتوں شیر علی بانڈہ اور مسلم آباد میں کیا گیا۔
کرم ایجنسی/ خاتون جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن