• news

لاہور میں کھلے عام پتنگ بازی‘ گلے پر ڈور پھرنے سے وقت نیوز کے پروڈیوسر زخمی

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) لاہور میں اتوار کو چھٹی کے باعث مختلف علاقوں میں پاکستان بھارت کرکٹ میچ کے باوجود پتنگ بازی جاری رہی۔ ڈیفنس اے کے علاقہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے ”وقت نیوز“ ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر شدید زخمی ہو گئے جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا گیا کہ ڈیفنس کے رہائشی محمد شبیر علی میو جو وقت ٹی وی نیوز میں بطور نیوز پروڈیوسر کام کر رہے ہیں، گزشتہ روز دفتر جانے کے لئے گھر سے موٹر سائیکل پر نکلے، تھانہ ڈیفنس اے کے علاقے میں پتنگ کی ڈور ان کے گلے پر پھر گئی اور وہ موٹر سائیکل سے گر گئے۔ انہیں فوری قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔ واقعہ کے بعد فیکٹر ی ایریا اور ڈیفنس اے کے تھانوں کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور آدھا گھنٹہ تک حدود کے تعین پر جھگڑتی رہی تاہم ڈیفنس اے پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ اس سے قبل شہر کے مختلف علاقوں شاہدرہ، شاہدرہ ٹاﺅن، راوی روڈ، نولکھا، شفیق آباد، ٹبی سٹی، مصری شاہ، اسلام پورہ، نیو انارکلی، گجر پورہ، شالیمار، قلعہ گجر سنگھ، گڑھی شاہو، لٹن روڈ، مزنگ، سمن آباد، ملت پارک، گلشن راوی، دھرم پورہ، ہربنس پورہ کے علاوہ پوش علاقوں ڈےفنس اور گلبرگ میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس نے پتنگ بازوں اور پتنگ ساز فیکٹروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے ہزاروں پتنگیں، چرخیاں اور ڈور قبضے میں لے کر 23 افراد کو گرفتارکر کے 18مقدمات درج کر لئے۔ اےس اےچ او بھاٹی گیٹ مظہر اقبال کی سربراہی مےں پولیس ٹےم نے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اےک ہزار سے زائد پتنگیں، 300 چرخیاں، ڈور اور کےمےکل قبضے میں لے لیں۔
پتنگ بازی

ای پیپر-دی نیشن