سینٹ الیکشن‘ زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کا جوڑ توڑ
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کی نشستوں کیلئے دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان ”سودے بازی“ ہو رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے چیئرمین شپ کے عوض ڈپٹی چیئرمین شپ اور پنجاب میں ٹیکنوکریٹ کی ایک نشست مانگ لی ہے جبکہ اس نشست پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کے گھر میں اس بات پر ”مٹھائی“ بانٹی گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کو ایک نشست دیدی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئر رہنما نے نوائے وقت کو بتایا مسلم لیگ (ن) کسی جماعت کو ”خیرات“ میں نشست دے سکتی ہے اور نہ ہی اس قسم کی ”عیاشی“ کی متحمل ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق چیئرمین شپ کیلئے ”فیورٹ“ امیدوار کے طورپر سامنے آئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں ٹوٹ پھوٹ سے بھی بعض امیدوار فائدہ اٹھا سکتے ہیں اسلئے بلوچستان اور خیبر پی کے میں ارکان کی کروڑوں روپے میں بولی لگ رہی ہے۔
سینٹ الیکشن/ جوڑ توڑ