مصر کے علاقے سینا میں کار بم دھماکہ، چھ افراد زخمی 2دہشتگرد ہلاک
قاہرہ (آن لائن) مصر کے علاقے سینا میں چھ افراد اس وقت زخمی ہو گئے جب سکیورٹی اہلکاروں نے بغیر رکے پولیس سٹیشن کے قریب پہنچنے والی دو کاروں پر فائرنگ کر دی جس میں مشتبہ طور پر خودکش بمبار سوار تھے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شمالی سینا کے شیخ زوید قصبے میں پولیس چوکی کے قریب تعینات اہلکاروں نے دو کاروں کو چیکنگ کے لئے رکنے کا اشارہ دیا تاہم ان کے ڈرائیور نہیں رکے، جس کے بعد انہوں نے کاروں پر فائر کھول دیا۔شمالی سینا کے علاقے شیخ زوید میں مصری سکیورٹی اہلکاروں کو اسلام پسندوں کی شورش کا سامنا ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والے واقعہ سے ایک ماہ قبل نامعلوم مسلح افراد کے ہلاکت خیز حملے میں تیس افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو تفصیلات بتاتے ہوئے ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ کاروں میں سوار خودکش بمبار شیخ زوید کے پولیس سٹیشن کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔دونوں کاریں جیسے ہی بغیر رکے پولیس سٹیشن کے قریب پہنچیں تو ان پر سکیورٹی اہلکاروں نے فائر کھول دیا، جس سے کاریں دھماکے سے تباہ ہو گئیں اور ان میں سوار خودکش ڈرائیور ہلاک ہو گئے۔