• news

اسلامی ممالک کے اتحاد کا وقت آ گیا: مولانا عبدالخبیر آزاد

طائف (ممتاز احمد بڈانی) بادشاہی مسجد کے امام و خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے نوائے وقت اور وقت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام اسلامی ممالک متحد ہو جائیں۔ اگر ایسا ہو جائے تو کسی ملعون کو ہر گز یہ جرات نہیں ہو گی کہ توہین آمیز خاکے بنا کر مسلمانوں کے جذبات سے کھیلے۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا نے کہا کہ سعودی عرب میں روزگار کی تلاش میں آئے ہوئے پاکستانی خوش نصیب ہیں کیونکہ انہیں رزق حلال کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً بیت اللہ شریف اور مدینہ منورہ کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر مقیم ہر پاکستانی اپنے ملک کا سفیر ہے۔ سعودی قوانین کا احترام کریں۔ آپ کے اچھے قول و فعل کو دیکھ کر سعودی شہری آپ پر رشک کریں کہ واقعی آپ ایک عظیم ملک کے باشندے ہیں۔ مزید انہوں نے کہا کہ یہاں محمد نواز شریف کی اولین کوشش ہے کہ اسلامی ممالک سے روابط بڑھائے جائیں۔ جیسے سعودی عرب اور ترکی ہمارے اسلامی دوست ملک ہیں۔ پاکستان کی ترقی میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے۔ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز آل سعود (مرحوم) پاکستان کے مخلص اور سچے دوست تھے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز پاکستان کے خیرخواہ ہیں۔ وہ جتنا اعتماد پاکستان پر کرتے ہیں کسی اور ملک پر نہیں کرتے۔ مولانا گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) طائف کے موقع پر کمیونٹی کی اہم شخصیات موجود تھیں۔ مولانا نے کہا کہ سعودی عرب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کو اس طرح مل جل کر بیٹھا دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ اسے بیان کرنے کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ اس موقع پر راجہ ظفر اقبال، ڈاکٹر محمد عارف، ممتاز احمد بڈانی، سید عبدالنصیر آزاد، چودھری سرفراز احمد، مامون نجمی مکی بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن