23 مارچ کو پریڈ کے موقع پر اسلام آباد کے گرد و نواح میں مدارس‘ مزار ایک ہفتہ بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ بی بی سی ڈاٹ کام+ ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے 23 مارچ کو مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر اسلام آباد کے گردونواح میں واقع دینی مدارس اور مزاروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اس بارے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق شکرپڑیاں کے قریب جہاں مسلح افواج کی پریڈ ہوگی اس کی دو کلومیٹر کی حدود کے اندر واقع کسی بھی مسلک سے تعلق رکھنے والے دینی مدارس 18 مارچ سے لے کر 24 مارچ تک بند رہیں گے۔ اس عرصے کے دوران جن علاقوں کے مدارس کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ان میں سیکٹر جی سکس، جی سیون، آئی ایٹ، آئی نائن، ایچ ایٹ اور ایچ نائن کے علاوہ مری روڈ اور مارگلہ ٹاؤن واقع ہیں۔ ان علاقوں میں قائم مدارس، امام بارگاہوں اور مزاروں کی تعداد 40 سے زائد ہے جنہیں اس عرصے کے دوران بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزارتِ داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق پولیس کے خفیہ ادارے سپیشل برانچ کی جانب سے بھیجی جانے والی رپورٹ کے مطابق ان علاقوں میں واقع مدارس میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد دو ہزار کے قریب ہے جن میں اکثریت کا تعلق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں سے ہے۔ ان مدارس کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ان اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو اس عرصے کے دوران کسی دوسری جگہ منتقل کریں یا انہیں گھر بھیج دیا جائے۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر ان علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں واقع افغان بستی کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں گذشتہ آٹھ سال کے دوران سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مسلح افواج کی پریڈ نہیں ہوسکی تھی۔ تاہم اس مرتبہ حکومت نے یوم پاکستان کے موقع پر اس خصوصی پریڈ کو منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے حکم دیا ہے کہ 18سے 24مارچ تک مدارس بند اور مزار خالی کرا دئیے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ نے 41مدارس کی فہرست پولیس کو بھجوا دی۔ مدارس سے ملحقہ ہاسٹلز بھی خالی کرائے جائینگے۔