• news

ائرپورٹ پر ساتھی سے موبائل فون، شراب برآمد، پروٹوکول افسر گورنر ہائوس کیخلاف تحقیقات

لاہور (خبرنگار) کسٹم عملہ نے پروٹوکول کی آڑ میں سمگل کئے جانیوالے 30لاکھ روپے کے106موبائل فون اور انتہائی مہنگی شراب کی 10بوتلیں قبضے میں لے لیں۔ ملزم نعیم صدیقی کو گورنر ہائوس کے پروٹوکول آفیسر رانا اختر گرین چینل سے لیکر ائرپورٹ کے باہر جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق سپرنٹنڈنٹ کسٹم شاہد محمود اور انکے عملہ نے ملزم نعیم صدیقی کو مشکوک سمجھ کر چیک کیا تو رانا اختر نے کہا یہ پروٹوکول مسافر ہیں لیکن جب ملزم کے سامان سے شراب اور موبائل فون برآمد ہونے شروع ہوئے تو رانا اختر نے فوری طور پر صفائی پیش کرنا شروع کر دی کہ اسکا اس سامان سے کوئی تعلق نہیں۔ کسٹم عملے نے کلکٹر کسٹم لاہور کو واقعہ کی اطلاع کی جس کے بعد کسٹم اینٹی سمگلنگ لاہور نے ملزم نعیم صدیقی کو حراست میں لے لیا۔ سمگلنگ میں رانا اختر کے کردار کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائیگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گورنر ہائوس کے پروٹوکول افسر رانا اختر کو کافی دیر حراست میں رکھا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن