• news

پروگرام تبدیل، ترک وزیراعظم احمد دائود اوگلو 2 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے

اسلام آباد( سپیشل رپورٹ+نوائے وقت نیوز) ترکی کے وزیراعظم احمد دائود اوگلو کے دورئہ اسلام آباد کا پروگرام تبدیل ہوگیا ہے، اب وہ آج 2 روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ترکی کے وزیر اعظم احمد دائود اوگلو آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ ان کے ہمراہ ترک کابینہ کے وزراء اور حکومتی حکام کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔ ترک وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔ اس سے پہلے وہ ترکی کے وزیر خارجہ کے طور پر پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ ان کے دورے کے دوران اسلام آباد میں پاک ترک اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک تعاون کونسل کاچوتھا اجلاس ہو گا۔ اس اجلاس کی صدارت وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے ترک ہم منصب احمد دائود اگلو مشترکہ طور پر کریں گے۔ کونسل کے اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان، اقتصادیات اور بینکنگ، تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکشن، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے چھ اہم شعبوں میں قائم ورکنگ گروپس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دورے کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان کئی دو طرفہ معاہدوں یاداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ ترک وزیر اعظم صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔علاوہ ازیں ترک وزیر اعظم احمد دائود اگلو کا دورہ لاہور مصروفیات کے باعث ملتوی ہو گیا ہے۔ ترک وزیر اعظم نے بدھ کے روز لاہور آنا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن