• news

وفاقی وزیر برجیس طاہر نے گورنر گلگت بلتستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، پیپلز پارٹی کا احتجاج

اسلام آباد + گلگت (ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے گلگت بلتستان کے چوتھے گورنر کا حلف اٹھا لیا، قائمقام چیف جج آف سپریم ایپلٹ کورٹ آف گلگت بلتستان جسٹس راجہ جلال دین نے ان سے عہدے کا حلف لیا، چوہدری محمد برجیس طاہر ممبر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر ہیں، ان کے پاس وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کا قلمدان بھی ہے، وہ دونوں عہدوں پر بیک وقت کام کریں گے۔دوسری طرف پیپلز پارٹی گلگت بلتستان نے غیرمقامی گورنر کی تعیناتی کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ روز گلگت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر گو نواز گو اور گو برجیس طاہر گو کے نعرے درج تھے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو خودمختاری دینے کا حکم مجریہ 2009ء کو لپیٹ دینے، وفاقی وزیر کو گورنر گلگت بلتستان بنانے اور چھٹی کے روز نامزد کرنے کا معاملہ سینٹ میں زیربحث لانے کیلئے تحریک التواء جمع کرادی۔ تحریک التواء فرحت اللہ بابر نے جمع کرائی۔ ادھر وفاقی حکومت نے گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر کو بھاشا ڈیم کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے۔ وزیراعظم نے انہیں ڈیم کیلئے زمین ایکوائر کئے جانے سمیت دیگر معاملات کو جلد از جلد نمٹانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اسکے علاوہ انہیں سیاسی امور کی انجام دہی اور آئندہ متوقع الیکشن کیلئے جوڑتوڑ کرنے اور پارٹی کو کامیاب کرانے کا ہدف بھی دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن