کے الیکٹرک کو واجبات کی ادائیگی کے بغیر بجلی نہیں ملے گی: عابد شیرعلی
سکھر ( صباح نیوز) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک بھول جائے کہ انہیں واجبات کی ادائیگی کے بغیر بجلی دی جائے گی۔ عمران خان کو اپنی تاریخ پیدائش میں بھی شکوک شبہات ہیں۔گزشتہ روز سکھر میں سکھر سٹی گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا کہ بجلی بحران دیکھ کر وزیرِاعظم کو دکھ ہوتا ہے، اس سال گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کم ہوگی، نئے گرڈ سٹیشن کے بارے میں بتایا کہ اس پر انتالیس کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے اور بیس ہزار افراد کو اس سے فائدہ ہوگا۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین کے حوالے سے کہا کہ عمران خان کو اپنی تاریخ پیدائش میں بھی شکوک شبہات ہیں، عمران خان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ رونا دھونا بند کردیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وہ گالیاں کھانے کے لیے اقتدار میں نہیں آئے ان کی کوشش ہے کہ دسمبر 2017 ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے۔