• news

بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، گیس بندش کیخلاف فیصل آباد میں مظاہرہ، سڑک بلاک

لاہور+ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر ہوا جبکہ گیس لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے۔ فیصل آباد میں سوئی گیس کی بدترین اور غیراعلانیہ بندش کے خلاف شہریوں نے سوئی گیس آفس کے سامنے ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور روڈ بلاک کر دی جبکہ سینکڑوں خواتین نے گھروں کے چولہے، توے اور برتن اٹھا کر گیس کی لوڈشیڈنگ پر شدید نعرے بازی کی۔ سرگودھا روڈ پر واقع سوئی گیس دفتر کے باہر رضا آباد اور محلہ شریف پورہ کے مکین جمع ہو گئے اور مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائروں کو آگ لگا کر سرگودھا روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بلاک کردیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے مظاہرین نے محکمہ سوئی گیس افسران اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش کے باعث شہریوں کو کھانا پکانے اور دیگر عوامل میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ گیس بند رہنے کے باوجود شہریوں کو ہزاروں روپے مالیت کے بل بھیج دیئے جاتے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے کی سوئی گیس سپلائی فوری طورپر بحال کی جائے ۔

ای پیپر-دی نیشن