جعلی چیک کے ملزم کی ضمانت نہ ہونے پر سیشن وکلاء نے عدالت کو تالا لگا دیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وکلا نے جعلی چیک کے ملزم کی ضمانت نہ لینے پر سیشن کورٹ کو مبینہ طور پر تالا لگا کر بند کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج فرخ حسین چودھری کی عدالت میں 35 لاکھ روپے کے جعلی چیک کے ملزم کی درخواست ضمانت دائر کی گئی۔ جج نے ضمانت لینے سے انکار کر دیا تو ملزم کے وکیل نے ساتھیوں کے ہمراہ مشتعل ہو کر عدالت کو تالا لگا دیا۔ عدالتی اہلکار کے مطابق وکلا کے ایک گروپ نے آ کر زبردستی تالا کھولا تو ملزم کے وکیل نے دوبارہ عدالت کو تالا لگا دیا۔ عدالتی اہلکار کے مطابق تالا لاہور بار کے نو منتخب سیکرٹری ادیب اسلم نے لگایا ہے جبکہ لاہور بار کے صدر اشتیاق اے خان نے کہا ہے کہ ادیب اسلم تالا لگانے نہیں بلکہ تالا کھلوانے گئے تھے تالا انکے عدالت میں آنے سے پہلے سے ہی لگا ہوا تھا۔لاہور بار نے عدالت کو تالا لگانے کے حوالے سے آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔