• news

کرپشن پر قابو پانا زندگی موت کا مسئلہ بن چکا ہے: چیئرمین نیب

سکھر ( صباح نیوز + آئی این پی) چیئرمین قومی احتساب بیورو ’’نیب‘‘ قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بد عنوانی ایسا مرض ہے جس کے معاشرے پر انتہائی برے اثرات ہوتے ہیں کرپشن کے باعث ترقی کا عمل متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ امن وامان کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں جس سے معاشرہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جانب بڑھتا ہے۔ سکھر میںنیب کے علاقائی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان بھی ترقی کرے تو ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن کرپشن ان وسائل سے فائدہ حاصل کرنے کی راہ میں حائل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف لڑتے ہوئے ہم نے جانا ہے کہ کوئی تنہاء اس برائی سے نہیں لڑ سکتا بد عنوانی کے خاتمہ کے لیے صرف انسداد بدعنوانی کے ادارے کافی نہیں ہیں بلکہ پورے معاشرے کا تعاون درکار ہے۔انہوں نے عوام میں کرپشن کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں آگاہی میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی، مقننہ،عدلیہ،انتظامیہ، میڈیا اور پرائیویٹ سیکٹر ملکر ملک کے معاشی نظام کاتحفظ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب اس امر کو یقینی بنا رہا ہے کہ کوئی معصوم شہری متاثر نہ ہو اور نیب کو ایسے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کیا جائے جو کسی کو انتقام کا نشانہ بناتا ہو اور نیب چھوٹے مجرموں نہیں بلکہ بڑی مچھلیوں کو پکڑنے والا ادارہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن پر قابو پانا زندگی موت کا مسئلہ بن چکا۔ نیب کسی کیخلاف کوئی سیاسی یا انتقامی کارروائی نہیں کررہا۔

ای پیپر-دی نیشن