• news

سکیورٹی معاملات سے باخبر ہیں، ذکی الرحمن لکھوی کا عدالت آنا ٹھیک نہیں: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا۔ جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ایف آئی اے کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت خارجہ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ دوران سماعت ذکی الرحمن لکھوی نے کہاکہ اجمل قصاب کے بیان پر میرے موکل کے خلاف مقدمہ بنایا گیا، بھارتی عدالت کی تفصیلی آرڈر شیٹ منگوائی جائے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارس دئیے کہ آرڈر شیٹ منگوانا کیسے ممکن ہے؟ آپ چاہیں تو پیش کر دیں، رضوان عباسی نے استدعا کی کہ ذکی الرحمن کو عدالت میں بلایا جائے۔ جسٹس نور الحق قریشی نے کہاکہ عدالت جب مناسب سمجھے گی تو بلا لے گی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی خدشات سے باخبر ہیں۔ ذکی الرحمن لکھوی کا یہاں آنا ٹھیک نہیں، اس موقع پر ایف آئی اے کے وکیل چودھری اظہر نے کہا کہ ریکارڈ ہائیکورٹ میں ہونے کی وجہ سے مقدمے کا ٹرائل رکا ہوا ہے۔ عدالت نے ریکارڈ ٹرائل کورٹ کو بھیجنے کا حکم دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ہائکیورٹ میں جب کیس کی دوابرہ سماعت ہو گی ریکارڈ منگوا لیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن