• news

78 لاکھ نئے ووٹرز: خیبر پی کے میں اندراج فوری، پنجاب سندھ میں حلقہ بندیوں کے بعد کیا جائے: الیکشن کمشن

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی+ صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پی کے میں 12 لاکھ اور پورے ملک میں 78 لاکھ نئے ووٹرز کے نام انتخابی فہرستوں میں درج کرنے کی ہدایت کر دی، نئے ووٹرز سندھ، پنجاب اور خیبر پی کے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے، نئے ووٹرز کے اندراج سے ملک میں رائے دہندگان کی تعداد 8 کروڑ 63 لاکھ سے بڑھ کر 9 کروڑ 60 لاکھ ہو جائے گی، الیکشن کمیشن نے ہدایت کی، سندھ اور پنجاب میں انتخابی فہرستوں میں نئے ووٹرز کا اندراج حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے بعد کیا جائے، الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) رضا خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں ممبران سمیت چیئرمین نادرا نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ زیر غور آیا۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات سے قبل انتخابی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کیلئے جلد شیڈول جاری کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا اس وقت خیبر پی کے میں ایک کروڑ 22 لاکھ ووٹرز ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا نادرا نے 78لاکھ نئے شناختی کارڈ جاری کئے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا سندھ اور پنجاب میں حلقہ بندیوں کے بعد انتخابی فہرستیں جاری کی جائیں گی۔ صباح نیوز کے مطابق الیکشن کمشن نے خیبر پی کے حکومت کے مئی 2015ء میںصوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات شروع کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ نیٹ نیوز کے مطابق الیکشن کمشن نے اعلان کیا خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات سے قبل تقریباً بارہ لاکھ نئے شناختی کارڈ حاصل کرنے والوں کو ووٹر لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ بعدازاں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی نئے ووٹرز کا اندراج کیا جائے گا۔ نئی ووٹر لسٹوں میں سے تقریباً پانچ لاکھ ایسے افراد کے نام حذف کئے جائیں گے جو یا تو وفات پا چکے ہیں یا پھر کسی اور وجہ سے نااہل قرار دیئے جا چکے ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن