پاکستان میں سکولوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرینگے، اقوام متحدہ: نواز شریف گورڈن براہون میں معاہدہ
اسلام آباد( صباح نیوز)پاکستان میں سکولوں کے تحفظ کے لئے اقوام متحدہ کے ایلچی گورڈن برائون اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ۔ منصوبے کے تحت سکولوں کے گرد دیوار بنے گی، میٹل ڈیٹکٹرزاورگارڈز تعینات ہوں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے ایلچی گورڈن برائون نے پاکستانی سکولوں کے تحفظ کا منصوبہ پیش کردیا۔ معاہدے کے تحت سکولوں میں ہنگامی مواصلاتی نظام کی تنصیب اور دیگر اقدامات ہوں گے-منصوبہ جنگ زدہ علاقوں کے سکولوں کے تحفظ کیلیے بنایا گیا ہے۔گورڈن برائون نے پشاور کے آرمی پبلک سکول میں معصوم طلبہ کے قتل عام کے تناظر میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے بات چیت کی اور انھیں مختلف تجاویز پیش کیں۔گورڈن برائون کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز میں سکولوں کے گرد پیس زون کے قیام، مسلح محافظوں کی تعیناتی، دھاتوں کی شناخت کرنے والے آلات اور ہنگامی حالت میں کام کرنے والے مواصلاتی نظام کی تنصیب شامل ہے۔سفیر برائے تعلیم کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کے حملوں کا مقابلے کرنے کے لیے پاکستانی سکولوں کو معاونت فراہم کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد گورڈن برائون اور نواز شریف کے درمیان پاکستان میں سکولوں کے تحفظ کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔بد قسمتی سے دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان میں تعلیمی اداروں پر کہیں زیادہ حملے ہوئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مقامی اور مذہبی رہنمائوں کی مشاورت و معاونت سے سکولوں کے گرد پیس زون قائم کیے جائیں گے، جبکہ سکیورٹی کے دیگر اقدامات جیسے چاردیواری کی تعمیر، سکیورٹی چیک پوائنٹس اورخاردار باڑ کی تنصیب بھی کی جائے گی۔جبکہ مسلح محافظین کو ان اہم مقامات پر تعینات کیا جائے گا، جہاں سے گردونواح پر نظر رکھی جا سکے۔ اس کے علاوہ مسلح گارڈز اور سیکیورٹی سٹاف کی سخت جانچ پڑتال بھی منصوبے کا حصہ ہے۔اس کے ساتھ ساتھ سکول کے نقل و حمل کے نظام کی سخت نگرانی اور سکول بسوں میں روزانہ کی بنیاد پر دھماکہ خیز مواد کی جانچ پڑتال کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ منصوبے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی سکول پر حملے کی صورت میں دوسرے سکولوں تک انتباہ جاری کرنے اور فوری امداد طلب کرنے کا نظام بھی نصب ہونا چاہیے۔جبکہ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ مختلف علاقوں میں موجود چھوٹے سکولوں کو ایک جگہ لایا جائے یا ایسے علاقے میں منتقل کیا جائے جہاں زیادہ حفاظتی انتظامات کیے گئے ہوں۔اقوام متحدہ کے سفیر برائے تعلیم گورڈن برائون کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے والدین اور طلبہ کو یہ یقین دہانی ہوگی کہ انتہا پسندی کے خطروں سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے سکولوں کی سکیورٹی کے نظام میں بہتری لانے اورگورڈن برائون کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔