ژوب: مغوی پولیو ورکر، ڈرائیور اور 2 لیویز اہلکاروں کی نعشیں برآمد: کوئٹہ: جھڑپ میں اہلکار شہید 3 دہشت گرد ہلاک
ژوب+ سوئی + کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) ژوب کے علاقے تودہ کبزئی کی پہاڑیوں سے پولیو ٹیم کے مغوی ورکر، ڈرائیور اور 2 لیویز اہلکاروں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں قریب سے گولیاں مار کر جاں بحق کیا گیا۔ نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔ واضح رہے اسی علاقے میں چند روز قبل انسداد پولیو مہم میں شامل رضاکار اور سکیورٹی اہلکار اغوا ہوگئے تھے جنہیں بازیاب کرانے کیلئے سکیورٹی فورسز علاقے میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔ سکیورٹی حکا م کے مطا بق مارے جانے والے ان افراد میں سے تین کی شناخت کر لی گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق ان چاروں افراد کو جمعہ کے روز اغوا کیا گیا تھا ان مغویوں میں پولیو ٹیم کا ایک ورکر، ڈرائیور اور 2 لیویز اہلکار شامل ہیں۔ ادھر سوئی کے قرب ڈیرہ بگٹی کے مقام پر دہشت گردوں نے گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز سوئی سے کراچی آنے والی 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے سے پائپ لائن کا پانچ فٹ کا حصہ تباہ ہوگیا۔ کراچی اور اندرون سندھ گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا، محکمہ سوئی گیس کے اہلکاروں نے پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان ایف سی کے مطابق کوئٹہ میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ بارکھان کے علاقے تمچنی میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا۔ بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ لورالائی میں ایف سی سرچ آپریشن میں 14 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں پنجگور کے نواحی علاقے کاٹاگری میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ کر دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں پنجگور میں نامعلوم افراد کی عسکری تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ کیمپ کو نقصان پہنچا۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے بارکھان کے علاقے میں کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔