• news

دہشت گردوں کو متحد ہوکر شکست دینگے صوبائی وزیر داخلہ، بلال یاسین، سلمان رفیق چیف سیکرٹری نے زخمیوں کی عیادت کی

لاہور (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل پولیس لائنز لاہور کے باہر بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کی عیادت کے لئے گنگارام ہسپتال پہنچ گئے۔ چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل نے کہا کہ دہشت گردوں کی کارروائیاں قوم کا پختہ عزم متزلزل نہیں کر سکتیں، سب کو متحد ہوکر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو شکست دینا ہو گی۔ زخمیوں کو ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ بہتر سکیورٹی کی وجہ سے حملہ آور اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ بعدازاں چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر منعقد ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے خصوصی اجلاس میں صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے اور تمام ادارے مل کر دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔ مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور صوبائی وزیر بلال یاسین نے میوہسپتال، سروسز ہسپتال اور گنگارام ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

ای پیپر-دی نیشن