سوات: فورسز کی کاروائی، کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ہلاک: کوہاٹ میں 350 مشتبہ افراد گرفتار
سوات+ کوہاٹ + اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سوات میں سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی کے دوران کراچی اور بونیر میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان کی کارروائیوں میں ملوث اہم دہشت گرد کمانڈر بخت راج عرف اسداﷲ مارا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سوات کے علاقہ ڈمہ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر بخت راج مارا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسداﷲ کراچی میں تحریک طالبان کے دہشت گردوں کیلئے مالی معاونت فراہم کرتا تھا اسکے علاوہ وہ کراچی اور بونیر میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ فورسز نے نعش کو قبضے میں لیکر فرار ہونیوالے دیگر دہشت گردوں کا تعاقب شروع کردیا۔ ادھر کوہاٹ میں پولیس کارروائی کے دوران 140 افغان باشندوں سمیت 350 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ڈی پی او کوہاٹ صہیب اشرف کے مطابق جنگل خیل اور گھمکول مہاجر کیمپ میں پولیس نے گھر گھر تلاشی کے دوران 140 افغان باشندوں سمیت 350 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار مشتبہ افراد سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ادھر اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ادھر بنوں اور ملحقہ قبائلی علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن میں 17مشکوک افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔علاوہ ازیں کوہاٹ کے علاقوں، پندوٹ اور بازید خیل میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد اور 20 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے گئے اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزموں میں کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔