ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج مقدمات کی رپورٹ ایک ہفتے میں جمع کرائی جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف چاروں صوبوں میں درج کئے گئے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔عدالت نے ملزم ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل کو احکامات جاری کئے کہ اگر انتظامیہ کی جانب سے آپ کے موکل کیخلاف کوئی نیا مقدمہ درج کیا گیا ہے تو آپ نئی درخواست عدالت میں دائر کرکے ریکارڈ پیش کرسکتے ہیں۔ منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ابتدائی سماعت کے دوران وفاق کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف درج کئے گئے۔ مقدمات کی تحریری رپورٹ کسی صوبہ سے موصول نہیں ہوئی لہٰذا عدالت کیسز کی حتمی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دے جبکہ ملزم کے وکیل نے اعتراض کیا کہ گذشتہ سماعت پر عدالت نے احکامات جاری کئے تھے کہ اگر حکومت کی جانب سے درج مقدمات کی رپورٹ جمع نہ کرائی گئی تو عدالت یکطرفہ کارروائی کرے گی۔ وفاق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر 28 جنوری کو سندھ‘ بلوچستان اور خیبر پی کے کے ہوم سیکرٹریز کو خط لکھے ہیں اور ان سے ملزم کیخلاف درج کئے گئے مقدمات کی رپورٹ طلب کی ہے لیکن ابھی تک دیگر صوبوں سے رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ جسٹس نورالحق این قریشی نے کہا کہ یہ معاملہ ایک دن میں حل ہوسکتا ہے۔ وفاق کے وکیل ٹیلیفون پر بات کرکے دیگر صوبوں سے رپورٹ طلب کرسکتے ہیں اس میں تاخیر کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ وفاق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر دیگر صوبوں کے ہوم سیکرٹریز کو دوبارہ طلبی کے نوٹس بھی بھجوائے تھے لیکن ابھی تک رپورٹ موصول نہیں ہوئی جبکہ ملزم کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے عدالت میں اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے میرے موکل کیخلاف رپورٹ جمع کرانے کیلئے تاخیری حربے اختیار کئے جارہے ہیں۔ عدالتی حکم کے باوجود تھانہ ترنول میں ایک نیا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے اس کی رپورٹ بھی پولیس ہمیں نہیں دے رہی۔ عدالت نے ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل کو احکامات جاری کئے کہ آپ یہ تمام اعتراضات ایک نئی درخواست کیساتھ اور ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرسکتے ہیں۔ عدالت اس بڑے کیس کیساتھ نئی درخواست کی سماعت کرے گی۔ بعدازاں عدالت کے باہر ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے موکل کیخلاف پاکستان کے کسی بھی کونے میں کوئی شکایت درج نہیں کی گئی ہے صرف بھارتی دبائو کی وجہ سے حکومت ذکی الرحمن لکھوی کو رہا نہیں کررہی اور کیسز میں تاخیری حربے اختیار کئے جارہے ہیں۔