پشاور: عباس علی نے امام بارگاہ میں دہشت گرد کو مارنے کے بعد جام شہادت نوش کرکے ہنگو کے اعتزاز کی طرح قربانی کی تاریخ رقم کردی
پارا چنار (نوائے وقت رپورٹ) ہنگو کے اعتزاز حسن کی طرح پاراچنار کے بہادر جوان عباس علی نے پشاور میں قربانی کی تاریخ رقم کر دی۔ عباس علی نے جمعہ کے روز پشاور کی امام بارگاہ میں دہشتگردی کے دوران خودکش حملہ آور کو مار ڈالا اور خود بھی جام شہادت نوش کیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بہادر جوان عباس علی کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی عرب اماراتی سے چند روز قبل وطن واپس آیا تھا۔ اپنے والد کے ہمراہ حیات آباد کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کر رہے تھے کہ اچانک دہشتگرد مسجد میں داخل ہوئے والد کا کہنا ہے کہ میری آنکھوں کے سامنے میرے بیٹے نے خودکش حملہ آور کو مار ڈالا اس کے بعد میرا بیٹا خود بھی شہید ہو گیا۔ والد نے بتایا کہ جب حملہ آور فائرنگ کر رہے تھے تو ایک کا چہرہ دوسری طرف ہوا جس پر عباس علی نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔ عباس علی کے رشتہ داروں اور دوستوں نے بہادری دکھانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایک دوست نے کہا کہ میں عباس علی کی شہادت پر فخر کرتا ہوں۔ عباس علی کے چچا نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے اور فخر ہے کہ میرے بھتیجے نے نیک کام کیلئے اپنے آپ کو قربان کر دیا۔