سینٹ انتخابات: کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج سے شروع ہو گی
اسلام آباد (صباح نیوز) سینٹ کے انتخابات کے لئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی دو روزہ جانچ پڑتال آج سے شروع ہوگی۔ سینٹ کی 52نشستوں کے لئے مجموعی طور پر 184امیدواروں نے کاغزات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ 33 جنرل نشستوں پر 118امیدواروں نے اور خواتین کی 9نشستوں کیلئے 28 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں علما اور ٹیکنوکریٹس کی 8 مخصوص نشستوں پر 26 امیدواروں نے جبکہ اقلیتوں کے لئے مخصوص 2 نشستوں پر 12امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں وفاقی دارالحکومت سے 9 امیدواروں نے ، فاٹا سے 43، پنجاب سے 23،سندھ سے 28، خیبر پی کے سے 39اور بلوچستان سے 42امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ امیدوارکاغذات نامزدگی مستر د کئے جانے کے بعد اپیلیں اس مہینے کی 23 اور 24 تاریخ کو سیکرٹری الیکشن کمیشن یا متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کراسکتے ہیں اور یہ اپیلیں اس ماہ کی 26اور 27 تاریخ کو نمٹائی جائیں گی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ اس مہینے کی 28 ہے جب کہ امیدواروں کی حتمی فہرست بھی اسی دن جاری کی جائے گی۔انتخابات اگلے مہینے کی 5 تاریخ کو ہوں گے۔ مزید برآں الیکشن کمشن کو سینٹ انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمشن کو اب تک 11 اداروں سے امیدواروں کی مکمل تفصیل موصول نہیں ہوئی ہیں۔ نیب، ایف بی آر ، ایس بی پی سمیت 11 اداروں سے امیدواروں کی تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔