بھارت دہشت گرد ملک ہے، پاکستان پر اسکے الزامات ہمیشہ جھوٹے ہوتے ہیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے بھارتی کوسٹ گارڈ افسر کے پاکستانی کشتی تباہ کرنے کے حوالے سے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کی طرح پاکستان کے خلاف جتنے بھی الزاما ت لگائے گئے وہ سب جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔ کشتی کے حالیہ معاملہ نے بھی ایک بار پھر بھارتی جھوٹ کا پول کھول دیا ہے۔ بھارت اپنا دہشت گردانہ چہرہ چھپانے اور اپنی دہشت گردی کے راستے ہموار کرنے کے لئے الزام تراشیاں کرتا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف الزام تراشیاں کیں ‘ وہ خود کارروائیاں کرتا اور الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے ایسا ایک مدت سے ہو رہا ہے۔افسوس ہے کہ دنیا میں بھارتی جھوٹ کا کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا۔ پاکستان کو چاہئے کہ وہ سفارتی ذرائع سے دنیا پر یہ واضح کرے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے جو ہمیشہ پاکستان کے خلاف الزام تراشی اس لئے کرتا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کامیاب ہوں۔بھارت نے جب بھی پاکستان پر الزام لگایا وہ ہمیشہ جھوٹ ثابت ہوئے۔ کلنٹن کے دورہ سے قبل کشمیر میں بہت بڑا ڈرامہ رچایا گیا اور پاکستان کو ملوث کرنے کی کوشش کی گئی لیکن جب تحقیقات ہوئی تو بھارتی عدلیہ نے فیصلہ دیا کہ یہ بھارتی فورسز کی اپنی کارروائی تھی۔ حکومت کو فوری طور پر مضبوط ردعمل دینا چاہئے۔ بھارت پاکستان میں تخریب کاری کے لئے دہشت گرد داخل کر رہا تھاجس کا پاکستان نے سخت نوٹس لیا ہے۔ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب صحیح سمت میں جا رہا ہے۔ آپریشن کے خلاف ماحول پیدا کرنے اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارت ایسی حرکتیں کر رہا ہے۔ کنٹرول لائن پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جو آگے تک بڑھ چکا ہے۔ اس کا مطلب صاف ظاہر ہے کہ پاکستان اس وقت جو اقدام کررہا ہے وہ نہ کرسکے اور بھارت نے جو آگ لگائی ہے اسے نہ بجھایا جاسکے۔ اقوام متحدہ میں ایسے لوگ ہیں جو نہ سنتے اور نہ دیکھتے ہیں انکی بھارت کے معاملے میں آنکھیں بند ہو جاتی ہیں۔